مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اردن میں امریکی اہداف کے خلاف سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کی میزائل اور ڈرون کارروائی کے بعد اردنی فوج اور مغربی ذرائع ابلاغ نے ایرانی میزائلوں کے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے اور امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔
روسیا الیوم کے حوالے سے اردنی فوج نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ میزائل ملک کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ اسی دوران امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے بھی اردن میں امریکی فوجی اہلکاروں کی موجودگی کے مقام پر میزائل حملے کی خبر دی۔
یہ خبر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے باضابطہ بیان کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ سپاہ کی فضائی و خلائی فورس نے جزیرہ لارک پر امریکی و صہیونی دشمن کی جارحیت کے جواب میں ’’یا محمد ابن عبداللہ ﷺ‘‘ کے کوڈ نام سے مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائی کی۔
سپاہ پاسداران کے مطابق اس کارروائی میں اردن کے دو فضائی اڈوں ملک حسین اور الازرق میں موجود امریکی جنگی طیاروں کی فنی و مرمتی تنصیبات اور طیاروں کے قیام کے مقامات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔
سپاہ پاسداران نے واشنگٹن کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اندھی جارحیت ایران کے آبنائے ہرمز پر کنٹرول کو کمزور کرنے میں دشمن کی ناکامی کا ازالہ نہیں کرسکتی۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ہر جارحانہ اقدام کا جواب اس سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ